۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
قدس

حوزہ/ جہاں بیت المقدس پر غاصبانہ قبضہ ہے وہیں فلسطین کی مظلوم عوام پر نہ رکنے والا ظلم کا سلسلہ ہے کہ فلسطینی خود اپنے وطن میں غریب الوطن ہیں اور غاصب صیہونی ان پر شدید ظلم کر رہے ہیں ، ان کے خون سے ہولی کھیل رہے ہیں ۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صدر و رکن موسسہ منتظرین امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف قم المقدسہ حجۃ الاسلام مولانا سید وقار احمد کاظمی نےعالمی یوم قدس کے موقع پر اراکین موسسہ منتظرین امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف کی جانب سے ایک بیانیہ صادر کرتے ہوئے پوری دنیائے اسلام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ظالم کے خلاف ایک ساتھ کھڑے ہوں اور مظلوم کے حق کا دفاع کریں۔

بیانیہ کا متن حسب ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم

شہید عدالت، مولیٰ الموحدین امیرالمومنین امام علی بن ابی طالب علیہ الصلوٰۃ و السلام نے سبطین رسول حسنین کریمین علیہماالسلام سمیت رہتی دنیا انسانیت کو وصیت فرمائی ۔ ‘‘کونا للظّالم خصماً و للمظلوم عوناً’’ ظالم کے دشمن اور مظلوم کے حامی و مددگار رہنا ۔

سن 1948 عیسوی سے رسول اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے محل معراج، سرزمین انبیاء و مرسلین علیہم السلام اور عالم اسلام کے قبلہ اول پر عالمی استکبار کی مکمل حمایت سے صیہونی غاصبانہ قبضہ کئے ہوئے ہیں ۔جہاں بیت المقدس پر غاصبانہ قبضہ ہے وہیں فلسطین کی مظلوم عوام پر نہ رکنے والا ظلم کا سلسلہ ہے کہ فلسطینی خود اپنے وطن میں غریب الوطن ہیں اور غاصب صیہونی ان پر شدید ظلم کر رہے ہیں ، ان کے خون سے ہولی کھیل رہے ہیں ۔

فلسطین اور فلسطینیوں پر ہو رہے مظالم پر جہاں صیہونی سفاک بعنوان مجرم و جنایت کار قابل مذمت و نفرت ہیں وہیں ان مظالم پر دنیا کے تمام ممالک خصوصاً نام نہاد اسلامی ممالک کا سکوت بھی مجرمانہ اور قابل مذمت ہے اور ان دونوں کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

رہبرکبیر انقلاب حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ سید روح اللہ موسوی امام خمینی قدس سرہ نے اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد اعلان کیا کہ عالم اسلام ماہ رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو ‘‘یوم قدس’’ کے عنوان سے منائے۔ نہ صرف فلسطین بلکہ جہاں جہاں بھی عوام پر ظلم ہو رہا ہے انکی حمایت کی جائے اور ظالموں کی اظہار بیزاری و نفرت کی جائے۔ چاہے وہ ظلم پاکستان میں ہو رہا ہو، افغانستان میں ہو رہا ہو، عراق ، شام، لبنان، یمن ، بحرین میں ظلم ہو رہا ہو۔ یا خود سعودی عرب کے شیعہ نشین علاقوں قطیف وغیرہ میں ستم ہو رہا ہو۔ یا خود امریکہ میں گورے کالوں پر ظلم کر رہے ہوں۔

ہم اراکین مؤسسہ منظرین امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف اپنے مولا مولیٰ الموحدین امیرالمومنین امام علی بن ابی طالب علیہ الصلوٰۃ و السلام کے حکم اور وصیت اور آپؑ کے سچّے شیعہ اور پیروکار یعنی راہ علوی کے راہی امام خمینی ؒ اور رہبر انقلاب حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای دام ظلہ الوارف کی نصیحت پر عمل کرتے ہوئے دنیا کے تمام مظلوموں کی حمایت اور ظالمین سے اعلان برائت کرتے ہیں۔

ہم ! عالم اسلام خصوصاً عالم تشیع بالخصوص وطن عزیز ہندوستان کے مسلمانوں خاص طور سے شیعوں سے گذارش کرتے ہیں کہ اس آخری جمعہ کو یوم قدس کے حوالے سے مناتے ہوئے دنیا بھر کے مظلوموں اور کمزوروں کی حمایت کا اعلان کریں اور ظالموں سے اظہار بیزاری کریں۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .